مایاوتی نے پھرمودی کوگھیرا ، کہا،صرف زبانی ہمدردی نہیں سخت کارروائی یقینی بنائیں
نئی دہلی10اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا کہ گائے حفاظت کے نام پردلتوں پرحملہ کرنے میں ملوث لوگوں کے خلاف ’’سخت کارروائی‘‘یقینی بنائی جائے نہ کہ صرف ہمدردی دکھائیں۔مایاوتی نے پارلیمنٹ کے باہرنامہ نگاروں سے کہاکہ حال میں آندھراپردیش میں دو دلتوں پر ظلم ہوا اور ان کی حالت بہت سنگین ہے۔بی ایس پی سپریمونے کہاکہ میں مرکزاورخاص طورپروزیراعظم کوبتانا چاہتی ہوں کہ دلتوں کے خلاف حملے کے معاملے پرحکومت کو محض دلتوں سے ہمدردی نہیں دکھانی چاہئے۔ان معاملات میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔پولیس کے مطابق’’گؤرکشکوں‘‘کے ایک گروپ نے منگل کو مشرقی گوداوری ضلع میں گائے کی چمڑی نکالنے کیلئے مبینہ طور پر دو دلتوں کی پٹائی کی۔بجلی کا کرنٹ لگنے سے گایوں کی موت ہوئی تھی۔واقعہ آندھرا پردیش کے املاپورم کے جانکیپیٹا ہے۔پولیس کے مطابق بجلی کا کرنٹ لگنے سے گایوں کے مرنے کے بعد مالک نے انہیں دفن سے پہلے دو دلت بھائیوں سے جانور کی کھال نکلوائی۔